شمس آباد کی ترقی میں جی او 111 اہم رکاوٹ ، راجاملا سدیشور کا بیان

شمس آباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد سرپنچ راجا ملاسدیشور نے بتایا کہ شمس آباد گرام پنچایت کی ترقی کے لیے سبھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جہاں جہاں پانی کا مسئلہ تھا ان مقامات پر بورس ڈالے گئے اور کرشنا ندی کے پانی کی سربراہی سے ایک حد تک شمس آباد میں پانی کے قلت پر قابو پالیا گیا ۔ اس کے علاوہ انڈر گراونڈ ڈرینج کی تعمیر کی جہاں ضرورت تھی ان مقامات پر تعمیر کی جارہی ہے اور سڑکوں کی تعمیر بھی مختلف فنڈس سے شروع کی جارہی ہے ۔ شمس آباد جو کہ ایک میجر گرام پنچایت ہے جہاں پر مکان کی تعمیراتی اجازت پر ٹیکس وصول کرتے ہوئے گرام پنچایت کی ترقی کی جاسکتی ہے ۔ ایسے میں یہاں کی ترقی میں جی او 111 کی وجہ سے اہم رکاوٹ پیدا ہورہی ہے ۔ مکان کی تعمیراتی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ جس سے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ بند ہوگیا ہے ۔ جس کی وجہ سے ترقیاتی کاموں کی تکمیل نہیں ہوپارہی ہے ۔ اس کے باوجود مختلف فنڈس کے ذریعہ جہاں تک ہوسکے ترقی کی کوشش کی جارہی ہے ۔ راجاملا سدیشور سیاسی پارٹی کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ جی او 111 کی برخاستگی کے لیے ایک ہو کر احتجاج کرتے ہوئے حکومت پر زور ڈالیں جب تک یہ جی او برخاست نہیں ہوگا شمس آباد منڈل کی ترقی ناممکن ہے ۔ حکومت کی جانب سے بھی منڈل کو زیادہ فنڈس منظور نہیں ہورہے ہیں فنڈس کی منظوری کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شمس آباد میں انٹرنیشنل ایرپورٹ ہونے کے باوجود یہاں پر کوئی عہدیدار یا وزراء یہاں کی ترقی پر غور نہیں کررہے ہیں ۔۔