شمس آباد پولیس اسٹیشن تا ریلوے کمان تک روڈ ڈالنے کا مطالبہ

گرام پنچایت جنرل باڈی اجلاس سے سرپنچ کا خطاب
شمس آباد۔/25ستمبر، ( سیاست نیوز) گرام پنچایت شمس آباد کا جنرل باڈی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سرپنچ و تمام گرام پنچایت ممبرس نے شمس آباد تا پولیس اسٹیشن تا ریلوے کمان تک سی سی روڈ ڈالنے آر اینڈ بی عہدیداروں سے مطالبہ کیا اور انہیں بہت جلد ایک یادداشت پیش کی جائے گی اور ساتھ ہی کچرے کی نکاسی کیلئے ایک گاڑی شمس آباد گرام پنچایت کو بھی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ شمس آباد سرپنچ راچاملا سدیشور نے خطاب میں کہا کہ شمس آباد میں کئی مقامات پر سڑکوں کی حالت خستہ ہورہی ہے۔ گزشتہ پانچ روز سے مسلسل بارش کی وجہ سے جگہ جگہ سڑکوں پر گڑھے پڑ گئے ہیں ان کی مرمت کی بھی ضرورت ہے۔ سرپنچ نے تمام گرام پنچایت ممبرس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے وارڈس میں بھی قدیم و بوسیدہ مکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے مکینوں کا تخلیہ کروائیں اور انہیں کسی محفوظ مقام پر منتقل کریں تاکہ ان کی جانیں بچائی جاسکیں۔ بوسیدہ مکانات مسلسل بارش کی وجہ سے کبھی بھی گرسکتے ہیں۔ شمس آباد پولیس اسٹیشن تا ریلوے کمان سڑک خستہ حالت میں آگئی ہے اور جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں جس سے مسافرین کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اس اجلاس میں دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فنڈز کی کمی کی وجہ سے کاموں میں دیری ہورہی ہے۔ اجلاس میں گرام پنچایت ایکزیکیٹو آفیسر یادگیری ریڈی، محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ، ارجن ریڈی، اجئے، ملاریڈی، سریکانت، نریش، کلم روپا، بھارتما، نورجہاں بیگم گرام پنچایت ممبرس موجود تھے۔