شمس آباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد منڈل میں 14 مئی کو مقامی انتخابات منعقد ہورہے ہیں جس میں سخت مقابلہ ہونے کی امید ہے ۔ ٹی آر ایس ، کانگریس اور بی جے پی نے تمام 12 سیٹوں پر اپنے اپنے امیدوار ٹھہرائے جب کہ تلگو دیشم نے صرف دو مقامات نرکھوڈہ اور جوکل سے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارا ۔ 12 سیٹوں پر سخت مقابلہ ہونے کی پوری امید ہے جس میں نرکھوڈہ اور جوکل پر تلگو دیشم کامیابی حاصل کرسکتی ہے ۔ گھانسی میاں گوڑہ ، مچنتل ، پداتپرا ، پالماکول I ، اور پالماکول II پر بی جے پی کی کامیابی ہوسکتی ہے ۔ چناگولکنڈہ اور راجنا پور میں کانگریس اور پداگولکنڈہ پدا شاہ پور اور کوا گوڑہ میں ٹی آر ایس کامیاب ہوگی ۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں ٹی آر ایس کی پریشانی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ باغی امیدواروں کی وجہ سے انہیں کئی مقامات پر شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ ہر پارٹی اپنی کامیابی کا دعویٰ پیش کررہی ہے اور ٹی آر ایس پارٹی صرف حکومت کی اسکیمات اور جی او III کو برخاست کے وعدہ پر انتخابات میں حصہ لے رہی ہے ۔ ٹی آر ایس باغی ارکان اور بعض سینئیر قائدین کو ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے وہ ناراض دکھائی دے رہے ہیں جس کا نتیجہ انہیں انتخابات میں ہار کے ساتھ چکانا پڑ سکتا ہے ۔ کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے قائدین کو بھی ٹکٹ نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے زیڈ پی ٹی سی سیٹ پر بھی کافی اثر پڑے گا ۔ زیڈ پی ٹی سی کے لیے سہ رخی مقابلہ ہوگا ۔ بی جے پی میں بھی بعض سینئیر قائدین میں بی فارم کے مسئلہ پر ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ ایسے میں اگر کانگریس متحد ہو کر کام کرے گی تو تمام چیزوں سے وہ فائدہ اٹھاتے ہوئے سبقت حاصل کرسکتی ہے ۔ عوام میں حکومت کی اسکیمات کا کوئی خاص اثر پڑنے کی امید دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔ مقامی انتخابات میں ووٹرس پارٹی کو کنارہ پر رکھتے ہوئے امیدوار کو دیکھتے ہوئے ووٹ کا استعمال کریں گے ۔۔