پنچایت راج عہدیداروں کو کام جلد تکمیل کرنے پرکاش گوڑ کی ہدایت
شمس آباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : راجندر نگر رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ نے آج اپنے مکان میں پنچایت راج عہدیداروں سے مشاورت کرتے ہوئے بی ٹی روڈس کی جلد تکمیل کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ شمس آباد منڈل میں بی ٹی روڈس کے لیے چار کروڑ 51 لاکھ روپئے اور راجندر نگر کے لیے 49 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ۔ پرکاش گوڑ نے نئے سال کے موقع پر تمام عوام کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ راجندر نگر کے لیے نیا سال نئی خوشیاں لائے گا اور کہا کہ ہم اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے ہر ضروری اقدامات کررہے ہیں جس کے تحت شمس آباد منڈل میں بی ٹی روڈس کے لیے ایک کروڑ 49 لاکھ ، تونڈپلی تا شنکر پور 90 لاکھ ، چاری نگر میں 50 لاکھ ، سلطان پلی تا کے بی ڈوڈی 88 لاکھ ، نیشنل ہائی وے تا پداپترا 46 لاکھ ، شاہ پور تا علی کول تانڈہ 28 لاکھ روپئے منظور ہوئے جب کہ راجندر نگر کے لیے 49 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ۔ پرکاش گوڑ نے کہا کہ راجندر نگر حلقہ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت ، پینے کے پانی کی سربراہی کا آغاز ہوچکا ہے اور پورے منڈل کو پانی کی سربراہی کے لیے وہ چیف منسٹر سے بات کررہے ہیں اور انہوں نے تیقن دیا کہ اندرون چھ ماہ پورے منڈل کو کرشنا ندی کا پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ کی ترقی کے لیے خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ ہم نے کرشنا ندی پانی کا عوام سے وعدہ کیا تھا اس کی تکمیل کرچکے ہیں اور دیگر مسائل پر بھی توجہ لیتے ہوئے اس کی تکمیل کرلی جائے گی ۔ اس موقع پر پنچایت راج ای ایس رویندر ریڈی ، ڈی ای سرینواس ریڈی ، اے ای اشوک ریڈی اور اے ای ہنومنت ریڈی وغیرہ موجود تھے ۔۔