شمس آباد ایرپورٹ کی دس سالہ تقریب ، چیف منسٹر کی شرکت

ایرپورٹ کی توسیع کے علاوہ ایگزبیشن و کنونشن سنٹر کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا
شمس آباد /23 مارچ ( سیاست نیوز ) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کی دس سالہ تقریب کے موقع پر آج ایرپورٹ کی توسیع کا سنگ بنیاد تلنگانہ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کے ہاتھوں انجام پایا ۔ جی ایم راؤ چیرمین جی ایم آر گروپ نے چیف منسٹر کو مومنٹو پیش کیا ۔ چیف منسٹر ایرپورٹ کی توسیع کے ماڈل کا مشاہدہ کرنے کے بعد روانہ ہوگئے ۔ کے ٹی راما راؤ وزیر آئی ٹی نے اس موقع پر لفافے اور اسٹامپ جاری کئے اور ایگزیبیشن و کنونشن سنٹر کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شمس آباد ایرپورٹ نے دس سال میں ترقی کی بلندیوں کو چھولیا ہے ۔ 18 ملین مسافرین کے نشانہ کو عبور کرتے ہوئے 40 ملین مسافرین کے ٹارگٹ کو بھی پار کرلیا گیا ہے ۔ مزید ایک ٹرمینل کی تعمیر کے بعد ہمیں امید ہے کہ 100 ملین مسافرین کے نشانہ کو بھی آسانی سے پار کر لیا جائے گا ۔ 2008 ء میں ایرپورٹ کا آغاز کیا گیا تھا اور گرین فیلڈ ایرپورٹ میں تبدیل کیا گیا جس سے متاثر ہوکر دیگر ایرپورٹس پر بھی گرین فیلڈ پر کام کیا گیا ۔ انہوں نے ایرپورٹ اکسپریس کی تعمیر کیلئے جاریہ بجٹ سیشن میں بل پیش کرتے ہوئے 4650 کروڑ روپئے منظور کرانے کا اعلان کیا ۔ جی ایم آر ورا لکشمی فاؤنڈیشن نے بھی اپنی خدمات سے اس ریاست ہی نہیں بلکہ دیگر ریاستوں میں بہترین خدمات انجام دیتے ہوئے ا پنی شناخت بنائی ہے ۔ تجارتی اداروں کا رحجان بھی ایرپورٹ کے اطراف کافی بڑھ رہا ہے جس سے ریاست کی معاشی حالت بہتر ہوگی ۔جی ایم آر نے کہا کہ شمس آباد ایرپورٹ نے آج ایک اہم سنگ میل کو عبور کرلیا ۔ اس کے علاوہ آج کئی بڑے پراجکٹس کا بھی سنگ بنیار رکھا جارہا ہے ۔ تلنگانہ ریاست چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی قیادت میں ترقی کی بلندیوں کو چھو لیا ہے ۔ آج ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی ریاست تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ ہے ۔ دس سال کے عرصہ میں ہم کئی ایوارڈس حاصل کرچکے ہیں ۔ اس موقع پر مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ ، کنڈا وشویشور ریڈی ، رکن پارلیمنٹ ، پرکاش گوڑ ، راجندر نگر رکن اسمبلی ٹی کرشنا ریڈی مہیشورم رکن اسمبلی کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔