حیدرآباد ۔22 ۔ اپریل (سیاست نیوز) شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے عارضی ٹینٹ قائم کرنے سے جی ایم آر حکام نے اتفاق کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے آج جی ایم آر کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ شدید موسم گرما کے باوجود نماز جمعہ کے موقع پر ٹینٹ نصب کرنے کی اجازت نہ دیئے جانے کے سبب مصلیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہر جمعہ کے موقع پر جی ایم آر کے ملازمین اور وہاں ٹیکسی اسٹانڈ کے علاوہ مسافرین کو وداع کرنے کے لئے آنے والے افراد باجماعت نماز جمعہ ادا کرتے ہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اگر جی ا یم آر کی جانب سے عارضی ٹینٹ کا انتظام کیا جائے تو مصلی شدید دھوپ سے محفوظ رہیں گے اور خشوع اور خضوع کے ساتھ نماز جمعہ کی ادائیگی ممکن ہوپائے گی۔ جی ایم آر کے بیشتر ملازمین اور ایرپورٹ کے ڈرائیورس کی جانب سے اس سلسلہ میں محمد علی شبیر کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ انہوں نے جی ایم آر کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے فوری طور پر آئندہ جمعہ سے عارضی ٹینٹ کے انتظام کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں ان کی نمائندگی پر جی ایم آر کی جانب سے ٹینٹ کا انتظام کیا جارہا تھا لیکن حالیہ عرصہ میں ٹینٹ برخاست کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ جمعہ کو عارضی ٹینٹ کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر کا بھی انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ رمضان المبارک قریب ہے جی ایم آر حکام کو اس سلسلہ میں فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایم آر کے اعلیٰ عہدیداروں نے عارضی ٹینٹ کے انتظام سے اتفاق کرلیا ہے۔
محمد علی شبیر نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایرپورٹ پر مستقل ٹینٹ کے قیام اور نماز گاہ کیلئے علحدہ گوشے کے انتظام کیلئے سرکاری سطح پر جی ایم آر سے نمائندگی کرے۔ انہوں نے حج 2015 ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی سعودی ایرلائینس کے ذریعہ روانگی کے سلسلہ میں کانگریس اعلیٰ کمان کے ذریعہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے دورہ دہلی کے موقع پر صدر کانگریس سونیا گاندھی اور جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد کو اس مسئلہ سے واقف کرایا۔ سونیا گاندھی نے تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے نمائندگی کریں گی۔ غلام نبی آزاد نے وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو سے بات چیت کی اور تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی ایر انڈیا کے بجائے سعودی ایرلائینس سے پرواز کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی کو ہدایات جاری کرنے کی خواہش کی گئی۔ حیدرآباد سے عازمین حج کی روانگی کے آغاز سے ہی سعودی ایرلائینس کی پروازیں روانہ ہورہی ہیں۔ تاہم جاریہ سال سنٹرل حج کمیٹی نے ایر انڈیا کی پروازوں کو قطعیت دی ہے جس سے عازمین حج میں بے چینی پائی جاتی ہے۔