شمس آباد ایرپورٹ میں مسلمان دھوپ میں نماز جمعہ ادا کرنے پر مجبور

شامیانے نصب کرنے کی اجازت دینے سے جی ایم آر گروپ کا انکار

حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : مسلمانوں کی اراضی ، اس اراضی پر مسجد کی شہادت اس کے باوجود مسلمانوں کو ہی نماز کی اجازت نہیں ۔ اس سے بڑھ کر مسلمانوں کے ساتھ نا انصافی اوران کے دستوری حقوق کی پامالی کیا ہوگی ۔ کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ 40 سنٹی گریڈ درجہ حرارت میں دھوپ کا کیا عالم ہوگا ۔ رطوبت ایسی کہ کھلے آسمان زمین پر چند منٹ بھی ٹہرنا مشکل ہوجائے ۔ ان حالات میں جمعہ کی نماز کیسے ادا کی جاتی ہوگی ؟ یہ وہ مقام ہے جہاں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد ہے جہاں نمازوں کی ادائیگی بڑی مشکل سے کی جاتی ہے ایرپورٹ کے احاطہ میں ٹیکسی اسٹانڈ کے قریب 23 مارچ 2008 سے جب کہ اس ایرپورٹ کا افتتاح عمل میں آیا ، مسلمان پنجوقتہ نمازیں ادا کررہے ہیں ۔ واضح رہے کہ یہ ایرپورٹ جملہ 5400 ایکڑ وسیع و عریض اراضی پر محیط ہے جس میں سے 1065 ایکڑ اراضی موقوفہ ہے حد تو یہ ہے کہ ایرپورٹ کی تعمیر کے لیے اندرونی حصہ میں موجود قدیم مسجد عمر فاروقؓ کو شہید کردیا گیا ۔ ایرپورٹ کے احاطہ میں مسجد کی تعمیر کا جی ایم آر گروپ نے وعدہ کیا اس کے باوجود وہاں مسجد تعمیر نہیں کی بلکہ افسوس تو اس بات پر ہے کہ شدید گرمی اور بارش میں ٹیکسی ڈرائیورس ، مسافرین اور ارکان عملہ کھلے آسمان تلے نماز ادا کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔ انہیں صرف دو گھنٹوں کے لیے شامیانے نصب کرنے کی اجازت تک نہیں ۔

اس کے علاوہ جمعہ کے موقع پر اس قدر سیکوریٹی انتظامات کئے جاتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین نے جی ایم آر سے لے کر وزارت شہری ہوا بازی سے نمائندگی کی لیکن ان کی نمائندگیوں کو کوڑے دان کی نذر کردیا گیا ۔ مسلم قائدین اور سیکولر جماعتوں کے لیڈروں کو چاہئے کہ مسجد کی تعمیر کو بھی یقینی بنائیں ۔ اس ضمن میں موقوفہ جائیدادوں کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیموں کو بھی چاہئے کہ وہ ایرپورٹ میں شامل کی گئی درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ کی 1065 ایکڑ اراضی کی بازیابی یا پھر بازار کی قیمت کے لحاظ سے معاوضہ کی ادائیگی کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں ۔ واضح رہے کہ ترقی کے نام پر حیدرآباد و اطراف و اکناف میں جتنے بھی پراجکٹس شروع کئے گئے ان کے لیے موقوفہ اراضیات کو ہی نشانہ بنایا گیا ۔ مسلمانوں کا احسان مند ہونے کی بجائے یہ ادارے بالخصوص جی ایم آر گروپ جو راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کا انتظام چلاتا ہے ۔ مسلمانوں کو ایرپورٹ کے احاطہ میں نمازوں کی ادائیگی سے روک رہا ہے ۔ ہر نماز جمعہ میں 300 مصلی نماز ادا کرتے ہیں اس مرتبہ 200 مسلمانوں نے نماز ادا کی ۔ ریاض الدین امام و خطیب ہیں ۔ مصلیوں نے مزید بتایاکہ ریاستی وقف بورڈ کو بھی اس جانب توجہ دینی چاہئے ۔ ورنہ مسلمانوں کو اپنی موقوفہ اراضی پر ہی کھلے آسمان کے نیچے نمازیں ادا کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا ۔۔