شمس آباد ایرپورٹ جی ایم آر ایوارڈ فنکشن میں جاء نمازوں کا استعمال

جاء نمازوں پر جوتوں سمیت ٹھہر کر تصویر کشی ، مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے انتظامیہ کی دانستہ کوشش
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ جسے موقوفہ اراضی پر مسجد عمر فاروقؓ کی شہادت ، عاشور خانہ اور قبرستان کے وجود کو مٹا کر وجود میں لایا گیا ہے ۔ اب ایک بار مسلمانوں کی دل آزاری کے لیے دانستہ مذہبی توہین کا مرتکب ہوا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق دو دن قبل ایرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے ایک ایوارڈ فنکشن کا "10 million happy flyers this year” کے موضوع پر اہتمام کیا گیا تھا ۔ جس میں اس ایرپورٹ کے اس ہال سے جاء نمازیں لائی گئیں جس پر ایرپورٹ کے مسلم ملازمین اور مسافرین نمازیں ادا کرتے ہیں اور پھر ان جاء نمازوں کو اس ایوارڈ فنکشن کے لیے استعمال کیا گیا ۔ اس معاملے کا سب سے توہین آمیز پہلو یہ ہے کہ اس فنکش میں موجود ایرپورٹ کے عہدیدار ، ملازمین اور دیگر افراد ان مقدس جاء نمازوں کو اپنے جوتوں سے روندتے نظر آئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جس جاء نماز پر باوضو ٹھہر کر مسلمان نمازیں ادا کرتے ہیں ان جاء نمازوں پر افراد جوتوں سمیت ٹھہر کر فوٹو سیشن ( تصویر کشی ) کروا رہے تھے ۔ انہیں اس بات کا رتی برابر بھی احساس نہیں رہا کہ ان کی اس توہین آمیز حرکت سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے ۔ ایرپورٹ انتظامیہ کی اس حرکت پر مسلمانوں میں شدید برہمی پائی جاتی ہے ۔ حکومت اور متعلقہ ذمہ داروں کو چاہئے کہ وہ ایرپورٹ انتظامیہ کی اس توہین آمیز اور نازیبا حرکت کا سخت نوٹ لے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ یہ لوگ دوبارہ ایسی حرکت نہ کرسکیں ۔۔