شمس آباد ایئرپورٹ کے مسافرین کو راغب کرنے آر ٹی سی کی بھرپور کوشش

گریٹر حیدرآباد زون کے تمام راستوں پر بسوں کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 24 جون ( سیاست نیوز) گریٹر آر ٹی سی زون کی جانب سے شہر کے اطراف و اکناف کے علاقوں کیلئے بسوں کی تعداد میں اضافہ پر غور کیا جارہا ہے اور آر ٹی سی عہدیداران شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مسافرین کو آر ٹی سی کی جانب سے راغب کرنے کیلئے محتلف اقدام کئے جارہے ہیں کیونکہ ایئرپورٹ کو جانے والے مسافرین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہونے کی وجہ سے گریٹر کی تمام روٹس سے مربوط کرنے کیلئے جدید روٹس تشکیل دی جارہی ہے ۔ سکندرآباد ‘ دلسکھ نگر ‘ جے این ٹی یو ‘ کوکٹ پلی ‘ جے بی ایس‘ ایم جی بی ایس علاقوں سے آر ٹی سی روزآنہ 628 ٹرپس چلارہی ہے اور مسافرین کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹرو ایکسپریس ‘ پشپک اور سیمی لوفلور بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ اس ضمن میں آر ٹی سی عہدیداران نے عوام سے درخواست کی ہے کہ ایئرپورٹ جانے والے مسافرین آر ٹی سی کے بسوں کے ذریعہ سفر کریں جبکہ اسٹیٹ آر ٹی سی کی جانب سے کئی اضلاع سے شمس آباد ایئرپورٹ کیلئے بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ مثلاً نظام اباد سے 6 ‘ آرمور سے 5 ‘ نرمل سے 3 ‘ مٹ پلی سے 2 ‘ کورٹلہ سے 3‘ جگتیال سے 4بسیں ایئرپورٹ کیلئے چلائی جارہی ہیں یعنی جملہ 23سروسیس روزآنہ چلائی جارہی ہیں ۔