شمسی طیارے کی کامیاب تجرباتی پرواز

جنیوا ۔ 2 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شمسی توانائی سے پرواز کرنے والے انقلابی طیارے نے آج کامیابی سے سوئٹزرلینڈ میں افتتاحی آزمائشی کامیاب اڑان بھری ۔ یہ طیارہ آئندہ سال سے دنیا بھر بشمول ہندوستان میں استعمال کیا جائے گا ۔ سولار ایمپلس 2 وہیکل نامی یہ طیارہ آج سوئٹزرلینڈ میں پیرنے ایروڈروم سے اڑان بھرا اور دو گھنٹے بعد بحفاظت واپس ہوگیا۔ اس واحد نشستی طیارہ سے 2015 ء سے دنیا بھر میں استفادہ کیا جائے گا ۔ یہ طیارہ دن اور رات کے اوقات میں اڑان بھرسکتا ہے اور اس کیلئے ایندھن کی ضرورت نہیں ہوگی اور آلودگی کا بھی کوئی امکان نہیں رہے گا ۔ جرمن ٹسٹ پائلیٹ مارکس شرڈر نے کہا کہ آج کی پرواز توقعات کے عین مطابق رہی ۔