شمال مغربی ہند میں مودی کے خلاف احتجاج ، پتلا نذرآتش

اگرتلہ ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نذرآتش کردیا۔ وہ ان کے شمال مغربی ہند کے عوام کے بارے میں جو دہلی میں مقیم ہیں، تبصرہ کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ بی جے پی کی نظریاتی دستاویز میں جو دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے جاری کی گئی تھی، شمال مشرقی ہند کے عوام کو تارکین وطن قرار دیا گیا تھا۔ سینکڑوں احتجاجی جلوس کی شکل میں اگرتلہ کی سڑکوں پر نکل آئے۔ وہ مودی مخالف اور بی جے پی مخالف نعرے بلند کررہے تھے اور وزیراعظم سے معذرت خواہی کا مطالبہ کررہے تھے۔ دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی کی جانب سے نظریاتی دستاویز جاری کی گئی ہے جس میں شمال مشرقی ہند کے عوام کو تارکین وطن قرار دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوتا ہیکہ شمال مشرقی ہند کے عوام غیرملکی ہیں۔ کانگریس کے ترجمان ہری کرشنا بھومک نے کہاکہ ہمارے خیال میں شمال مشرقی ہند کے عوام اتنے ہی ہندوستانی ہیں جتنا کہ کوئی اور ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کو اس علاقہ کے عوام سے اپنے تبصرہ پر معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ جلسہ عام کے اختتام پر احتجاجیوں نے کانگریس بھون کے روبرو مودی کا پتلا نذرآتش کیا۔