شمال مغربی پاکستان میں پولیو ٹیم پر حملہ، ایک پولیس ملازم ہلاک

پشاور ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)ایک پولیس ملازم جو پاکستان کے شورش زدہ شمال مغرب میں پولیو خوراک پلانے والی ٹیم کی حفاظت پر مامور تھا، اسے آج نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مارکر ہلاک کردیا، جو اس مرض کے خاتمہ کیلئے مہم چلانے والے طبی ورکرس کے خلاف سلسلہ وار مخصوص حملوں میں تازہ ترین جانی نقصان ہے۔ یہ واقعہ باجوڑ ایجنسی کے دمادولہ علاقہ میں پیش آیا۔ سیاسی حکام نے کہا کہ نواب خان پولیو ٹیم کے ساتھ میمند تحصیل میں پولیو ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی پر تھا کہ نامعلوم مسلح لوگوں نے خودکار ہتھیاروں کے ساتھ اس ٹیم پر حملہ کردیا ۔ نواب خان برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ بندوق بردار وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس کیس کی تحقیقات جاری ہے۔