پشاور 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے لڑاکا جیٹ طیاروں نے لاقانونیت کے مرکز شمالی وزیرستان اور خیبر پختونخواہ کے قبائیلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں پر بمباری کی جس سے 40 سے زیادہ عسکریت پسند بشمول غیرملکی ہلاک ہوگئے۔ چند دن قبل حکومت نے 23 فوجیوں کا سر قلم کرنے کی وجہ سے طالبان کے ساتھ مذاکرات معطل کردیئے ہیں۔ فضائی حملوں میں زیادہ تر شمالی وزیرستان کے قبائیلی علاقہ میں میرعلی میں قائم پوشیدہ ٹھکانوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اِن حملوں کی منظوری وزیراعظم نواز شریف نے شخصی طور پر دی تھی۔
پاکستان میں حادثہ، 10 ہلاک
کراچی 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہی خاندان کے 10 ارکان بشمول خواتین و بچے ہلاک اور دیگر 5 زخمی ہوگئے جبکہ ایک منی ویان ایک دریا میں گر پڑی۔ پاکستان کے صوبہ سندھ میں اِس ویان کا لاری سے تصادم ہوگیا تھا۔ ویان میں خواتین اور بچے سوار تھے جسے تیاری قومی شاہراہ پر حادثہ ہوا اور یہ دریائے لیاری میں حفاظتی باڑ توڑ کر گر پڑی۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 5 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔ سیول ہسپتال کے عہدیدار آفتاب چنار نے کہاکہ 6 نعشیں ہسپتال منتقل کی گئی ہیں۔ بعدازاں 4 زخمیوں نے دواخانہ میں دم توڑ دیا۔ خواتین کی عمریں 20 اور 40 سال کے درمیان اور بچوں کی 2 تا 4 سال تھی۔