شمال مشرقی ہند کیلئے 28 ہزار کروڑ روپئے مالیتی نئے ریل پراجیکٹس

کوہیما (ناگالینڈ)۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی ہند کے ساتھ بہتر ہوتے ہوئے ربط پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ مرکز نئی ریلوے لائینس بچھانے کے لئے 28 ہزار کروڑ روپئے فراہم کرے گا۔ اس علاقہ میں سیاحت کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے استفادہ نہیں کیا جاسکا، کیونکہ بہتر ربط موجود نہیں ہے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت نے 2G موبائیل کوریج اس علاقہ کو فراہم کرنے کے لئے 5,000 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں تاکہ مواصلات کے جامع ترقیاتی منصوبے شمال مشرقی علاقہ کے لئے تیار کیا جاسکے۔ کئی سیاحت ملک کے دیگر علاقوں اور بیرون ملک سے یہاں آرہے ہیں۔ یہ سیاحوں کی بہترین منزل ہے لیکن اس کے لئے روابط کی ضرورت ہے جب تک ہم اس علاقہ کو سڑک، ریل، فضائی خدمات سے مربوط نہیں کریں گے، سیاحت کا فروغ مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس علاقہ کی ترقی سیاحت کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ 28 ہزار کروڑ روپئے ریلوے لائن پراجیکٹس اور 14 نئی ریلوے لائینس کے لئے فراہم کی جائیں گی۔ وہ ناگالینڈ کے سب سے بڑے سالانہ ہارن بل میلہ کا افتتاح کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ہارن بل میلہ ناگالینڈ میں سیاحت کے شعبہ کو بہتر بنائے گا اور ہندوستانی عوام اس کے استفادہ کنندگان ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ برقی توانائی ترقی کی رگِ جاں ہے۔ 5 ہزار کروڑ روپئے شمال مشرقی علاقہ کے برقی توانائی نظام کے بہتری کے پراجیکٹ کے لئے مختص کئے گئے ہیں جو 6 ریاستوں بشمول ناگالینڈ کا احاطہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد سال کے 365 دن روزانہ 24 گھنٹے برقی سربراہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے شمال مشرقی ہند کی ریاستوں پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل انفراسٹرکچر کا مطلب مکمل طور پر تبدیلی ہے۔ سڑک اور ریل روابط کے علاوہ ہمیں ڈیجیٹل، انٹرنیٹ روابط کی بھی انتہائی ضرورت ہے۔ اب نوجوان موبائیل اور انٹرنیٹ کے بغیر نہیں رہ سکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ منی پور میں قومی اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی جائے جس کے عظیم استفادہ کنندگان اس علاقہ کے عوام ہوں گے۔ شمال مشرقی ہند ملک کا نامیاتی صدر مقام ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے فیصلہ کیا ہے کہ 6 نئے زرعی کالج اس علاقہ میں قائم کئے جائیں۔ شمال مشرقی علاقہ کی ریاستیں ملک میں غیرنامیاتی زراعت کا دارالحکومت بن سکتی ہیں۔ وزیراعظم بننے کے بعد شمال مشرقی ہند کانریندر مودی کا یہ اولین دورہ تھا۔