اندور ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ستاروں اور فلکیاتی نظارہ کے شائقین آئندہ ماہ چند گہن کا نظارہ کرسکیں گے۔ شمال مشرقی ریاستوں میں 4 اپریل کو چاند گہن دیکھا جاسکتا ہے۔ اجین جیواجی رصدگاہ کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجندر پرکاش گپت نے کہا کہ 4 اپریل کو ہندوستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجکر 45 منٹ اور 4 سکنڈ سے شام 7 بجکر 15 منٹ اور 2 سکنڈ تک مکمل چاند گہن رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ساڑھے تین گھنٹوں کا یہ گہن شام 5 بجکر 30 منٹ پر انتہاء پر پہنچ جائے گا۔ چاند پوری طرح کرۂ ارض کے سایہ میں چھپ جائے گا۔ دو صدیوں قدیم رصدگاہ کے سپرنٹنڈنٹ نے مزید کہا کہ ہندوستان میں غروب آفتاب کے موقع پر صرف شمال مشرقی ریاستوں میں یہ دلچسپ منظر دیکھا جائے گا۔ مکمل چاند گہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند اور سورج ایک سیدھی خط پر پہنچتے ہیں اور کرۂ ارض ان دنوں کے درمیان حائل ہوجاتا ہے۔ اس طرح سورج کی روشنی کو راست چاند تک پہنچنے سے کرۂ ارض روک دیتا ہے۔