گوہاٹی۔/21جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اُلفا ۔ انڈیپنڈنٹ اور پانچ دیگر شمال مشرقی عسکریت پسند تنظیموں نے مشترکہ طور پر یوم جمہوریہ کے بائیکاٹ اور اس روز بند منائے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اُلفا انڈیپنڈنٹ کی جانب سے اظہار یگانگت والے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ بائیکاٹ اور ہڑتال کو آرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے منائی جائے گی۔ بیان کے مطابق 26جنوری کو عام ہڑتال کا آغاز رات ایک بجے سے ہوگا اور اختتام شام 5بجے ہوگا جس میں تمام شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے حصہ لیں گے۔ ذرائع آمدورفت ، سینما ہالس، تعلیمی ادارے اور تجارتی ادارے مکمل طور پر بند رہیں گے۔ البتہ میڈیا، طبی خدمات اور مذہبی تقریبات کو ہڑتال سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ کوآرڈینیشن کمیٹی میں میگھالیہ کی ہینیو ٹریپ لبریشن کونسل، کامتا پور لبریشن آرگنائزیشن جو آسام اور بنگال میں سرگرم ہے، نیشنل ڈیمو کریٹک فرنٹ آف بوڈو لینڈ آف آسام اینڈ تریپورہ اور اُلفا ( انڈیپنڈنٹ ) شامل ہیں۔
سیوا گرام میں راہول کے دورہ کی زبردست تیاریاں
ناگپور۔/21جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی مقامی سماجی مجالس کے منتخبہ ارکان کے اجلاس کو پارٹی کے ریاستی سطح کے پروگرام24جنوری کو مخاطب کریں گے جو مہاراشٹرا کے واردھا ڈسٹرکٹ میں منعقد کیا جائے گا۔ اس پروگرام کو مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی (MPCC) کی جانب سے منظم کیا جائے گا۔ جہاں پنچایت سمیتی ، ضلع پریشد، میونسپل کونسل، میونسپل کارپوریشن کے زائد از 3000 منتخبہ نمائندے شرکت کریں گے۔ ایم پی سی سی سربراہ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات کے پیش نظر پارٹی کے منشور اور پہنچایت راج نظام پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی (AICC) کے ماہرین بھی اجلاس سے خطاب کریں گے۔سابق ضلع پریشد صدر (واردھا ) اور راجستھان کی آنجہانی گورنر پربھا راؤ کی دختر چارو لتا ٹوکاس جو منتظمین میں سے ایک ہیں نے کہا کہ تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔