سیول ۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان پہلی بار ٹیلیفون ہاٹ لائن کی تنصیب عمل میں آئی ہے جہاں دونوں ممالک کے قائدین ایک دوسرے سے فوری ربط میں رہنے کیلئے ہاٹ لائن کا استعمال کریں گے جبکہ آئندہ ہفتہ ہی دونوں کوریاؤں کے قائدین کی ملاقات ہونے والی ہے جہاں نیوکلیئر تنازعہ بھی بات چیت کے ایجنڈہ میں شامل ہے۔ دریں اثناء جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ ہاٹ لائن کی تنصیب کے بعد سیول کے صدارتی بلیو ہاؤس اور پیانگ یانگ کے طاقتور سرکاری امور کمیشن کے درمیان ایک ’’ٹسٹ کال‘‘ بھی کی گئی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ جنوبی کوریائی صدر مون جے ان اور شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان اپنی ملاقات سے قبل ٹیلیفون پر بھی بات کریں گے۔ دونوں کی ملاقات 27 اپریل کو سرحدی موضع پن من جو میں ہوگی۔