کشمیر ، پنجاب اور یوپی سخت متاثر ، جاریہ موسم سرما کی وادی کشمیر میں سرد ترین رات
سرینگر ۔25 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) شہر سرینگر میں کل رات جاریہ موسم سرما کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جبکہ درجہ حرارت منفی 4.2 درجہ سیلسیس رہا ۔ باقی وادی کشمیر میں نقطۂ انجماد سے نیچے درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔ لداخ کے علاقہ میں لیہہ ریاست کاسرد ترین مقام تھا جہاں کل رات کا درجہ حرارت منفی 8 درجہ سلسیس تھا ، اس کے بعد کارگل کامقام تھا جہاں منفی 7.1 درجہ سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ رات کا درجہ حرارت منفی 3.8 درجہ سیلسیس ہوگا ۔ جموں سے موصولہ اطلاع کے بموجب جموں میں آج صبح عوام نے ایک اور سرد رات کے بعد صبح میں درجہ حرارت بتدریج بڑھتا ہوا دیکھا گیا ، یہاں تک کہ چمکیلی دھوپ نکل آئی ۔ گزشتہ دو دن سے صبح کے وقت دھوپ نکل آنے سے عوام کو راحت حاصل ہورہی ہے ۔ وادی پر حالانکہ بادل چھائے ہوئے ہیںلیکن کل درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا۔ دن کا درجہ حرارت 17.18 درجہ سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب سخت سردی کی لہر پوری ریاست پنجاب اور پڑوسی ریاست ہریانہ میں جاری ہے ۔ امرتسر اور آدم پور صوبۂ پنجاب کے سرد ترین مقامات رہے ۔ امرتسر اور آدم پور میں اقل ترین درجہ حرارت 3.5 درجہ سیلسیس درج کیا گیا ۔ قبل ازیں اقل ترین درجہ حرارت 5.6 درجہ تھا ۔ گرداس پور میں 5 درجہ سیلسیس اور نلواڑہ میں 4.8 درجہ سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ لکھنو سے موصولہ اطلاع کے بموجب شدید سردی کی لہر پوری ریاست اُترپردیش میں جاری ہے جس کی وجہ سے رات کادرجہ حرارت مظفرنگر میں 4 درجہ سیلسیس تک پہونچ گیا ۔ یہ ریاست کا سرد ترین مقام تھا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب وارناسی ، الہٰ آباد ، کانپور ، لکھنو اور میرٹھ ڈیویژنوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ۔ دن کا درجہ حرارت مرادآباد ، بریلی اور گورکھپور میں کم ہوگیا ۔ گہری اور کثیف کہر ریاست کے چند مقامات پر دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے بموجب ریاست کے چند مقامات پر کل بھی گہری اور کثیف دھند دیکھی جاسکے گی ۔