نئی دہلی ۔ 29 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی ہند کے عوام کو سوائے وادی کشمیر کے راحت حاصل ہوئی جبکہ اعظم ترین درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ، صرف وادی کشمیر میں سردی کی لہر جاری رہی اور اعظم ترین درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی۔ دہلی میں آج اعظم ترین درجہ حرارت 24.1 درجہ سیلسیس تھا جو اس موسم کے اوسط سے چار درجہ زیادہ تھا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب کل ہلکی کہر صبح کے وقت ہوسکتی ہے۔ تاہم دن کے وقت ایک روشن دن ہوگا۔ ہریانہ اور پنجاب میں بھی آج ایک چمکیلا دن دیکھا گیا اور اعظم ترین درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوا۔ سرینگر میں اقل ترین درجہ حرارت منفی 3.7 درجہ سیلسیس تھا۔ سرد ترین مقام لداخ کا ریگستان کارگل رہا جہاں اقل ترین درجہ حرارت منفی 10.2 درجہ سیلسیس تھا۔ شمالی کشمیر کے ضلع کتوارا میں منفی 2.5 ، قاضی کنڈ میں منفی 0.6 درجہ سیلسیس اقل ترین درجہ حرارت تھا۔ راجستھان میں ریاست کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں ا ضافہ دیکھا گیا جبکہ اقل ترین درجہ حرارت چرو میں تھا، جو 5.8 ڈگری سیلسیس تھا۔