پنجاب میں معمولات زندگی متاثر‘ سری نگر۔ جموںقومی شاہراہ ٹریفک کیلئے کھول دی گئی
چندی گڑھ۔12جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست پنجاب کے کئی علاقوں میں گہری دھند کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے ۔ پنجاب اور ہریانہ کے بیشتر علاقوں میں گذشتہ کئی دن سے شدید سردی کی لہر چل رہی ہے ۔ امرتسر میں ایک بار پھر شدید سردی محسوس کی گئی ‘ درجہ حرارت 0.4 درجہ سلسیس تھا ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آج صبح کہر کی وجہ سے حد بصارت میں امرتسر ‘ پٹیالہ اور لدھیانہ پنجاب میں امبالا ‘ کرنال ‘کروکشیتر اور دیگر علاقے ہریانہ میں انتہائی کم رہی ۔ جئے پور سے موصولہ اطلاعات کے بموجب برفیلی ہوائیں راجستھان میں شدید سردی کو مزید سنگین بنانے کی وجہ بنی ۔ ریل اور روڈ ٹریفک متاثر ہوگئیں‘ معمولات زندگی معطل ہوگئے۔ ماؤنٹ آبو میں اقل ترین درجہ حرارت منفی2درجہ سیلیس تھا ۔ یہ ریاست راجستھان کا سرد ترین مقام تھا ۔ شدید سردی کی لہر سے جئے پور میں اقل ترین درجہ حرارت 5.6ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا ۔
محکمہ موسمیات کے بموجب آئندہ 24 گھنٹے شدید سردی کی لہر جاری رہے گی ۔ سری نگر سے موصولہ اطلاع کے بموجب سری نگر ۔ جموں قومی شاہراہ جو وادی کشمیر کو باقی ملک سے مربوط کرتی ہیں برفباری کی وجہ سے دو دن تک بند رہنے کے بعد آج ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ۔ 294کلومیٹر طویل اہم ترین شاہراہ جمعہ کے دن جواہر ٹرنل کے علاقہ میں برفباری کے بعد بند کردی گئی تھی ۔ صرف ان گاڑیوں کو پیشرفت کی اجازت دی گئی جو ایک دن پہلے سے رکی ہوئی تھیں ۔ شاہراہ پر سری نگر سے جموں کی سمت جانے والی گاڑیوں کو ہی سفر کی اجازت دی جارہی ہے ۔ گذشتہ 24گھنٹے سے وادی کشمیر میں موسم خشک ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آئندہ چند دن تک بڑے پیمانے پر کوئی تبدیلی پیدا ہونے کا امکان نہیں ہے ۔