شمالی ہندوستان میں بارش کی پیش قیاسی

نئی دہلی۔29 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی مانسون توقع ہے کہ 2 یا 3 دنوں میں قومی دارالحکومت سے ٹکرائے گا اور یہ پیش رفت کرتے ہوئے شمال مغربی ہندوستان میں پھیل جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گجرات کے ساحل پر بحیر عرب میں ہوا کے دبائو میں کمی کا مرکز قائم ہوگیا ہے جس کے زیر اثر جنوب مغربی مانسون سرگرم ہوجائے گا جو کہ ہوا کے دبائو میں کمی اثر زیادہ دیر تک باقی نہیں رہے گا۔ اس کے باوجود گجرات میں زوردار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں شمال مغربی ہندوستان بشمول ہریانہ، پنجاب، دہلی اور راجستھان میں آئندہ 2 یا 3 یوم میں بارش ہوگی۔ انڈین میٹرو لوجیکل ڈپارٹمنٹ کے ڈائرکٹر جنرل لکشمن سنگھ راتھوڑ نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ یہ مانسون شمال سے شروع ہوکر دوارکا، ولبھ ودیا نگر، نواحی مدھیور، گوالیار، لکھنو، دہرادون، اونا سے جموں پہنچے گا دریں اثناء ملک بھر میں بارش کی کمی 13 فیصد تک گھٹ گئی ہے لیکن خلیج بنگال میں طوفان باد و باراں اٹھنے پر مزید بارش ہوسکتی ہے۔