کوذی کوڈ ۔ یکم / اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا کے شمالی اضلاع میں گزشتہ دو روز سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ خصوصی طور پر کسرگوڈ ، کوذی کوڈ ، ویاناڈ اور کنور ڈسٹرکٹ شدید بارش کی زد میں ہیں جہاں کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں ۔ کسرگوڈ میں ضلع انتظامیہ نے تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کا اسکولس اور پروفیشنل کالجس پر اطلاق ہوگا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ دوسری طرف کوہتانی خطوں اریکور ، پیراوور اور اِروٹی سے بھی شدید بارش کی اطلاع ملی ہے ۔ تمام اضلاع میں نشیبی علاقے زیرآب آنے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ کئی مکانات میں پانی داخل ہونے سے کافی نقصان ہوا ۔
بجلی گرنے سے باپ بیٹی ہلاک
للت پور ۔ یکم / اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ضلع کے موضع یارون میں بجلی گرنے سے باپ بیٹی ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ کل اس وقت پیش آیا جب 30 سالہ کھیم چند اور اس کی 8 سالہ بیٹی دیپا اور 10 سالہ بیٹا سریندر شدید بارش سے بچنے کیلئے ایک درخت کے نیچے کھڑے ہوئے تھے کہ اچانک ان پر بجلی گر پڑی جس میں کھیم چند اور دیپا کی فوری موت ہوگئی جبکہ سریندر کو ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا ۔
پونے سانحہ
مہلوکین کی تعداد 51 ہوگئی
پونے ۔ یکم / اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پونے کے موضع ملین میں زمین کھسکنے کے حادثہ میں گذشتہ شب مزید 10 نعشوں کے دستیاب ہونے کے بعد مہلوکین کی جملہ تعداد 51 ہوگئی جن میں 22 خواتین، 23 مرد اور 6 بچے شامل ہیں۔ کنٹرول روم کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں 8 زخمی افراد کو بچا لیا گیا ہے جن کا مختلف ہاسپٹلس میں علاج کیا جارہا ہے۔ نیشنل ڈیساسٹر رسپانس فورس (NDRF) کے زائد از 300 پرسونل گذشتہ تین دنوں سے شبانہ روز بچاؤ اور راحت کاری میں مصروف ہیں ۔