شمالی کوریا کے میزائل لانچ کی تیاری کے آثار جنوبی کوریا کو نیوکلیئر ہتھیار تیار کرنے ذرائع ابلاغ کا مشورہ، اقوام متحدہ کی شمالی کوریا کی مذمت

سیول ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کو شمالی کوریا کی جانب سے ایک نئے میزائل کی تیاری کے آثار ملے ہیں۔ وزارت دفاع نے آج کہا کہ اس میں بین البراعظمی بالیسٹک میزائل شامل بھی ہوسکتا ہے۔ وزارت نے کہا کہ شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربے کے اتوار کے تجربے کے بعد ہی آثار نظر آنے لگے ہیں۔ تاہم وزارت نے تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا اور نہ اس بات کی نشاندہی کی کہ تجربہ کس وقت ہوسکتا ہے۔ اتوار کے دن شمالی کوریا نے 50 کیلو ٹن طاقت کے ہائیڈورجن بم دھماکے کا تجربہ کیا تھا۔ وزارت دفاع جنوبی کوریا کے عہدیداروں نے پارلیمنٹ میں تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ شمالی کوریا نے اتوار کے دن پوری دنیا کو اپنے اب تک کے انتہائی طاقتور تجربہ کے ذریعہ پریشانی کا شکار بنا دیا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جسے طویل مسافتی میزائل پر نصب کیا جاسکتا ہے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہیکہ یہ شمالی کوریا کے نیوکلیئر پروگرام میں بڑی پیشرفت ہے۔ شمالی کوریا کے نیوکلیئر تجربے کی دھماکو طاقت 50 کیلو ٹن ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ چنانچہ شمالی کوریا کا پچھلا تجربہ جو گذشتہ سال ستمبر میں کیا گیا تھا اور اس کے بعد تین سے زیادہ مرتبہ اس سے زیادہ طاقت کے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا گیا۔ امریکی ہائیڈروجن بم کے ذریعہ جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی کو 1945ء میں تباہ کیا گیا تھا۔ شمالی کوریا کا تجربہ اس سے تین گنا زیادہ طاقتور ہے۔ جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے آج جنوبی کوریا کو مشورہ دیا ہیکہ وہ خود اپنے نیوکلیئر ہتھیار تیار کرنے پر غور کرے جبکہ ایسے شکوک و شبہات میں اضافہ ہوتا جارہا ہیکہ امریکہ کے ساتھ اس کا برسوں پرانا اتحاد شمالی کوریا کے چھٹویں نیوکلیئر تجربہ کے بعد مشکوک ہوگیا ہے۔ شمالی کوریا نے اپنے انتہائی طاقتور تجربہ کے ذریعہ پوری دنیا کو پریشانی کا شکار بنا دیا تھا۔ جنوبی کوریا نے 28500 امریکی فوجی شمالی کوریا سے اس کا دفاع کرنے کیلئے تعینات ہیں۔ جنوبی کوریا نے 1974ء کے ایٹمی توانائی معاہدہ پر امریکہ کے ساتھ دستخط کئے تھے۔ اس کے بعد نیوکلیئر ہتھیاروں پر امتناع عائد کردیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب معتمد عمومی اقوام متحدہ انٹونیو گوٹیرس نے شمالی کوریا کے زیرزمین نیوکلیئر تجربہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے علاقائی سلامتی کو ’’بے انتہاء‘‘ عدم استحکام سے دوچار کرنے والی کارروائی قرار دیا۔ شمالی کوریا کی جانب سے ہائڈروجن بم کے تجربہ کے بعد اتوار کو امریکہ کے اکویٹی انڈیکس فیوچرز گراوٹ سے کھلے ۔
امریکی شیئر بازار میں گراوٹ
نیویارک سے موصولہ اطلاع کے بموجب یہاں الیکٹرانک خریداری شروع ہونے کے کچھ وقت بعد ایس اینڈ پی 500 ای منی فیوچرس میں 0.5 فیصد گراوٹ درج کی گئی۔
جنوبی کوریا کی شمالی کوریا کے جواب میں فوجی مشق
سیول سے موصولہ اطلاع کے بموجب جنوبی کوریا کی فضائیہ اور آرمی نے شمالی کوریا کی جانب سے اتوار کو کئے گئے چھٹے نیوکلیائی تجربہ کے جواب میں آج علی الصبح میزائل تجربہ کیا۔یہ مشق شمالی کوریا کے اس علاقہ کو ہدف بنا کر کیا گیا جہاں کل نیوکلیائی تجربہ کیا گیا تھا۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے بتایا کہ فوجی تربیت میں طویل دوری کی فضاء سے خلاء تک میزائل اور بین البراعظمی میزائلوں کو شامل کیا گیا۔