قتل کی قیمت صرف 90 ڈالر
کوالالمپور ۔25 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ملیشیا نے کہا ہے کہ شمالی کوریاکے سربراہ کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کے قتل کے معاملے میں اگر اس کے سفیر نے پوچھ گچھ کیلئے خود کو پولیس کے حوالے نہیں کیا تو ان کے خلاف عدالت سے گرفتاری وارنٹ جاری کرایا جائے گا۔ سیلانگور ریاست کی پولیس کے سربراہ عبدالسماح نے کہا کہ اس معاملے میں سفیر کو پورا وقت دیا جائے گا اور اگر وہ سامنے نہیں آتے ہیں تو پولیس کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب کم جونگ نام کے قتل میں گرفتار مشتبہ خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں مہلک کیمیکل مقتول کے منہ پر لگانے کیلئے صرف 90 ڈالر ادا کیے گئے تھے اور وہ اس کام کو مذاق کا حصہ سمجھتی رہی تھیں۔کوالالمپور ایئرپورٹ پر کم جونگ نیم کو زہریلا کیمیکل لگانے کا یہ واقعہ 13 فروری کو پیش آیا ۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ 2 خواتین کم جونگ نیم کے چہرے پر کچھ لگا رہی ہیں اور اس کے بعد وہ ایئرپورٹ اسٹاف سے مدد طلب کرتے دکھائی دیئے تھے۔ایئرپورٹ پر کم جونگ نیم کے قتل میں ’وی ایکس‘ نامی کیمیکل استعمال کیا گیا، جس کی صرف ایک بوند چند منٹ میں انسان کی جان لینے کیلئے کافی ہوتی ہے۔ اس معاملے میں سفارت کار سمیت آٹھ افراد مطلوب ہیں۔