واشنگٹن ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت سے انکار کردیا جبکہ شمالی کوریا نے آج ایک بین البراعظمی میزائل داغا تھا جو جاپان پر سے پرواز کرتا ہوا گذرا جس کی بناء پر عوام دہشت زدہ ہوگئے تھے اور پناہ گاہوں کی تلاش میں ادھر ادھر دوڑنے لگے تھے تاہم وزیردفاع نے کہا کہ اب بھی شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ موجودہ بحران کی یکسوئی ممکن ہے۔ دریں اثناء دوسری بار وزیراعظم جاپان شنزوابے نے شمالی کوریا کی جانب سے بین البراعظمی میزائل کے تجربہ کی بناء پر صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں قائدین نے بات چیت کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ شمایل کوریا کے تجربہ سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے، اس سے نمٹنے میں امریکہ اور جاپان قریبی تعاون کریں گے۔