شمالی کوریا کے راکٹ تجربے ’اشتعال انگیزی‘ : جنوبی کوریا

سیول ، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا نے پیانگ یانگ کی طرف سے سمندر میں مختصر فاصلے تک مار کرنے والے 25 راکٹ داغے جانے پر شمالی کوریا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اسے ’ا شتعال انگیز رویہ‘ قرار دیا ہے۔ سیول میں حکام کے مطابق راکٹ شمالی کوریا کے مشرقی ساحل سے اتوار کو فائر کئے گئے جو 70 کلومیڑ دور جاپان کے سمندر میں جا گرے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کِم من سیوک نے کہا کہ ممکنہ طور پر یہ امریکی اور جنوبی کوریا کے درمیان جاری فوجی مشقو ں کا ردعمل ہو سکتا ہے۔ کِم نے کہا کہ شمالی کوریا نے 25 راکٹ فائر کئے، ہماری فوج کے خیال میں پڑوس سے راکٹ فائر کرنا امریکہ اور جنوبی کوریا کی جاریہ فوجی مشقوں کے خلاف مسلح ردعمل ہو سکتا ہے۔

ہندوستانی اسلحہ کی درآمدات
چین اور پاکستان سے تین گنا زائد
اسٹاکہوم ؍ نئی دہلی ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سویڈن کے ایک مفکرادارہ نے آج کہا کہ ہندوستان اپنے دو پڑوسی ملکوں پاکستان اور چین سے تین گنا زائد اسلحہ درآمد کرتا ہے۔ اس طرح وہ (ہندوستان) دنیا بھر میں اسلحہ کے سب سے بڑے خریدار کی حیثیت سے پہلے مقام پر برقرار ہے۔ اسٹاکہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سپری) کی طرف سے شائع شدہ اسلحہ کی بین الاقوامی منتقلی کی جدید تفصیلات کے مطابق ’’اسلحہ کیلئے ہندوستانی درآمدات دوسرے اور تیسرے بڑے خریداروں بالترتیب چین اور پاکستان سے 3 گنا زیادہ ہیں‘‘۔ اس ادارہ نے مزید کہاکہ 2004-08ء اور 2009-13ء کے درمیان ہندوستان کی جانب سے بھاری اسلحہ کی درآمدات میں 111 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح اسلحہ کی بین الاقوامی درآمدات میں ہندوستان کا حصہ 7 فیصد سے بڑھ کر 14 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اس دوران بھاری اسلحہ میں پاکستانی درآمدات میں 119 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔