بیجنگ،22مارچ(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا ،امریکہ کے وفود سے ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے اعلیٰ عہدیدار فن لینڈ سے بیجنگ پہنچ گئے ۔شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار چوئے کانگ Il فن لینڈ میں امریکہ اور جنوبی کوریا کیساتھ ہونے والی غیر رسمی ملاقات میں شریک تھے ۔شمالی کوریا کے حکام نے ملاقات سے متعلق تفصیلات بیان نہیں کیں، فن لینڈ حکام نے اس ملاقات کو تعمیری قرار دیا ہے ۔فریقین کے مابین اس اہم ملاقات میں امریکہ ،جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے 18 نمائندوں نے شرکت کی تھی ۔
مالدیپ میں ایمرجنسی برخاست
مالے ، 22مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مالدیپ میں صدر عبداللہ یامین نے آج ایمرجنسی برخاست کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ مالدیپ میں سیاسی افراتفری کے سبب 45 دنوں سے ایمرجنسی نافذ تھی۔ صدر جمہوریہ کے دفتر کی جانب سے جاری ہوئے بیان میں کہا گیا ہیکہ ملک کو اب بغیر کسی نقصان کے آسانی سے چلایا جا سکتا ہے ۔ سکیورٹی ایجنسیوں کی مشاورت اور ملک کے حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کے تحت صدر عبداللہ یامین نے ملک میں نافذ ایمرجنسی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔