اسلام آباد ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج شمالی کوریا کی جانب سے انٹر کانٹی نینٹل بالسٹک میزائل داغے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور شمالی کوریا سے خواہش کی کہ وہ ایسا کوئی قدم نہ اٹھائے جس سے اس خطہ میں کشیدگی مزید بڑھ جائے۔ یاد رہیکہ 28 جولائی کو شمالی کوریا نے میزائل کا ٹسٹ کیا تھا جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی امریکہ تک رسائی ہوسکتی ہے۔ پاکستان کے دفترخارجہ نے کہا کہ شمالی کوریا اس وقت جو کچھ بھی کررہا ہے وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مغائر ہے جس کی وجہ سے امن اور استحکام کی کوششوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا جو اس وقت کوریائی جزیرہ نما اور شمال مشرقی ایشیاء میں کی جارہی ہیں۔ قبل ازیں 4 جولائی کو شمالی کوریا نے جس انٹرکانٹی نینٹل بالسٹک میزائل کا ٹسٹ کیا تھا اس کے بارے میں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ دنیا کے کسی بھی حصہ میں پہنچ سکتا ہے۔