واشنگٹن ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کیلئے تمام متبادل میز پر سجادیئے ہیں جو بین براعظمی بالسٹک میزائل کی یکے بعد دیگرے ٹسٹنگ کرتے ہوئے اور نیوکلیئر ہتھیار سازی کے ذریعہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ صدر موصوف اپنی رائے اور متبادل کو منظرعام پر لانا نہیں چاہتے۔ وائیٹ ہاؤس پریس سکریٹری سارہ سینڈرس نے اپنی روزانہ کی نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ صدر ٹرمپ اپنی کسی بھی پالیسی کو نشریاتی رخ دینا نہیں چاہتے بہ الفاظ دیگر و الیکٹرانک میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اپنے متبادل کو منظرعام پر لانا نہیں چاہتے۔ یاد رہیکہ شمالی کوریا نے حالیہ دنوں میں ایک بالسٹک میزائل لانچ کیا تھا جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہیکہ اس کی زد میں نیویارک بھی آ سکتا ہے اور اس طرح پورے امریکہ کی سیکوریٹی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے جبکہ حالیہ دنوں میں ہی صدر ٹرمپ نے چین سے یہ کہہ کر اپنی برہمی کا اظہار کیا تھا کہ وہ شمالی کوریا کو روکنے کے لئے کؤثر اقدامات نہیں کررہا۔