سیول ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان سے ملاقات بیحد سودمند ثابت ہوئی ہے کیونکہ شمالی کوریا کو نیوکلیئر توانائی سے بالکل پاک کرنے کے ایک معاہدہ پر بات چیت خوشگوار انداز میں ہوئی ہے اور انہیں امید ہیکہ اس معاملہ میں جو دیگر امور ہیں انہیں بھی جلدا ز جلد قطعیت دی جائے گی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان دوسری ملاقات کو اب تک طئے نہیں کیا گیا ہے۔ جیسے ہی یہ ملاقات ہوگی، امریکہ اور شمالی کوریا ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔ قبل ازیں ٹرمپ اور کم جونگ کی ماہ جون میں سنگاپور میں ملاقات ہوچکی ہے۔ دریں اثناء صحافیوں کے ایک مختصر گروپ سے خطاب کرتے ہوئے پومپیو نے کہا کہ نیوکلیئر توانائی سے بالکل پاک کردینے کا عمل طویل اور وقت طلب ہے۔ یہ بات انہوں نے جنوبی کوریائی صحافیوں سے کی۔ کم جونگ ان سے ملاقات کے بعد پومپیو جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول پہنچے تھے۔