سیول ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے فوجی حکام کا کہنا ہیکہ شمالی کوریا کی جانب سے اس کے مشرقی ساحل پر بیلسٹک میزائل تجربے کی کوشش کی گئی اور بظاہر یہ تجربہ ناکام ہوگیا۔ تاحال یہ واضح نہیں ہیکہ یہ کس قسم کا میزائل تھا تاہم اس سے قبل اپریل میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے ’مسندن‘ میزائل کے تین تجربے ناکام ہوچکے ہیں۔ خیال رہیکہ شمالی کوریا پر اقوامِ متحدہ نے 2006 میں نیوکلیئر تجربہ کرنے اور بیلسٹک میزائل کے استعمال کی پابندی عائد کی تھی۔ شمالی کوریا کی جانب سے جنوری میں چوتھے نیوکلیئر تجربے اور متعدد میزائل تجربات کے بعد خطے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کا کہنا تھا کہ مقامی وقت کے مطابق 5:29 بجے شمالی کوریا کے مشرقی ساحل پر تجربے کی کوشش کی گئی تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ یاد رہیکہ شمالی کوریا پر حال ہی میں امریکہ نے مزید نئی پابندیاں عائد کی تھیں۔ یکم ؍اپریل کو امریکی صدر بارک اوباما نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور چین نے فیصلہ کیا ہیکہ شمالی کوریا کو مستقبل میں میزائل ٹسٹ کرنے سے روکیںگے۔ اس کے باوجود شمالی کوریا نے مغربی ممالک کو دھمکیاں دیتے ہوئے ہائیڈروجن بم اور پھر طویل فاصلے تک جانے والے میزائل کے تجربات کئے۔ ماضی میں شمالی کوریا پر 2006، 2009 اور پھر 2013 میں نیوکلیئر تجربات کی وجہ سے اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں سے شمالی کوریا کے ایٹمی ارادوں پر کوئی اثر نہیں ہوا۔