شمالی کوریا پر تحدیدات عائد کرنے جان کیری کا انتباہ

آبدوز اور بالسٹک میزائل کی ٹسٹنگ اقوام متحدہ کی قرارداد کی کھلی خلاف ورزی
سیئول ۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے آج شمالی کوریا کو مزید تحدیدات کا انتباہ دیا۔ جنوبی کوریا کے دارالخلافہ سیول میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے شمالی کوریا کی جانب سے آبدوز لانچنگ والے بالسٹک میزائیل ٹسٹنگ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اس ٹسٹنگ سے یہ معلوم ہوتا ہیکہ شمالی کوریا کو بین الاقوامی برادری سے بات چیت کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس کو ملحوظ رکھتا ہے بجائے اس کے شمالی کوریا بالسٹک میزائیل کے تجربے اور نیوکلیئر ہتھیار سازی میں مصروف ہے۔ ایک طرف ہم ایران کو نیوکلیئر پروگرام سے باز رکھنے کی کوشش کررہے ہیں تو دوسری طرف شمالی کوریا کو کیسے نظرانداز کیا جاسکتا ہے؟ اس کا مطلب یہ ہیں کہ شمالی کوریا کو استثنیٰ حاصل ہے لہٰذا ہمارے لئے یہ ضروری ہوگیا ہیکہ شمالی کوریا پر بھی بین الاقوامی دباؤ ڈالا جائے اور کم۔ جونگ ۔ اون حکومت کو یہ باور کرواتا ہیکہ ان کی قیادت اسی وقت موثر کہلائے گی جب وہ بین الاقوامی برادری کے جذبات اور اندیشوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے آبدوز اور بالسٹک میزائیل کی ٹسٹنگ سے باز آجائیں۔ جان کیری نے ایک بار پھر کہا کہ شمالی کوریا پر ایک بار پھر تحدیدات عائد کئے جاسکتے ہیں یا پھر اسے روکنے کیلئے دیگر ذرائع بھی موجود ہیں۔ یاد رہیکہ شمالی کوریا نے صرف ایک ہفتہ قبل بالسٹک میزائیل ٹسٹنگ کا اعلان کیا تھا جو اقوام متحدہ کی قرارداد کی کھلی خلاف ورزی تھی کیونکہ ایسے ہتھیاروں اور سازوسامان کے استعمال پر امتناع عائد ہے۔ جان کیری نے ایک بار پھر شمالی کوریا کی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی (کم ۔ جونگ) حکومت کو انسانی حقوق کی پامالی کی ذرہ برابر بھی پرواہ نہیں۔