سئیول ۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ صدر امریکہ بارک اوباما ’’غیرضروری اور بے بنیاد طور پر‘‘ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ شمالی کوریا سونی پکچرس کے ذریعہ پیانگ یانگ سے امریکہ پر حملہ کرنے کا انتباہ دے رہا ہے جس کے مطابق وائیٹ ہاؤس، پنٹگان اور مکمل یو ایس مین لینڈ کو نشانہ بنایا جائے گا جو دراصل دہشت گردی کے اصل اڈے ہیں۔ امریکہ کے ساتھ شمالی کوریا کے کشیدہ تعلقات کے دوران اس نوعیت کے بیانات معمول کی بات ہیں تاہم طاقتور قومی ڈیفنس کمیشن کی جانب سے کل دیئے گئے ایک طویل بیان کے ذریعہ پیانگ یانگ کے انتباہ کو حقیقت تصور کیا جارہا ہے جس میں ایک ایسی فلم کی جانب بھی اشارہ کیا گیا ہے جس کی کہانی میں شمالی کوریا کے لیڈر کم جان اون کے قتل پر مبنی ہے۔