شمالی کوریا نے بڑی تیزی سے نیوکلیائی ہتھیار تیار کئے :آئی اے ای اے

سیول، 29ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی نیوکلیائی امور کی نگرانی کمیٹی کے سربراہ یوکیا امانو نے آج یہاں کہا کہ شمالی کوریا نے بڑی تیزی سے نیوکلیائی ہتھیاروں کو تیار کرکے دنیا کے لئے خطر ہ پیدا کردیا ہے ۔بین الاقوامی نیوکلیائی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ شمالی کوریا کے چھٹویں اور سب سے طاقتور نیوکلیائی تجربہ سے نیا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔جنوبی کوریا کے دورے پر آئے مسٹر امانو نے جنوبی کوریاکے وزیر خارجہ کانگ کیونگ وہا کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ بین الاقوامی برداری کو اب متحد ہوجانا چاہئے ۔ خیال رہے کہ شمالی کوریانے 3 ستمبر کو چھٹویں اور سب سے طاقتور نیوکلیائی بم کا تجربہ کیا تھا جس کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی تھی۔