شمالی کوریا نے بالسٹک میزائیل داغا

سیول ۔ /28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے آج بالسٹک میزائیل داغا ۔ امریکی حکومت کے دو ذرائع نے یہ اطلاع دی ۔ شمالی کوریا نے یہ کارروائی ایسے وقت کی جبکہ ایک ہفتہ قبل ہی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا جو دہشت گردی کی تائید کرتے ہیں ۔ پنٹگان کے ترجمان کرنل رابرٹ میننگ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں شمالی کوریا سے میزائیل داغنے کا پتہ چلا ہے ۔ ہم صورتحال کا تجزیہ کررہے ہیں اور بہت جلد تفصیلات سامنے آئیں گی ۔ جنوبی کوریا کی خبررساں ایجنسی نے جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے حوالے سے میزائیل داغے جانے کی توثیق کی ہے ۔ جاپان میں وزارت دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ یہ میزائیل جاپان کے معاشی زون میں واقع آبی حدود میں گرسکتا ہے ۔ امریکی ذرائع نے کہا کہ اس معاملے میں مزید تفصیلات فوری دستیاب نہیں ہوسکی ۔