واشنگٹن ۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان نیوکلیئر توانائی سے پاک ہونے کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے یہ بات بتائی جنہوں نے حال ہی میں شمالی کوریا کا تیسری بار دورہ کیا تھا۔ یاد رہیکہ 12 جون کو سنگاپور میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کی تاریخی ملاقات ہوئی تھی۔ دونوں قائدین نے ایک معاہدہ پر بھی دستخط کئے تھے جس کے تحت شمالی کوریا نے وعدہ کیا تھا کہ کوریائی جزیرہ نما کو نیوکلیئر توانائی سے پاک کردیا جائے گا۔ اخباری نمائندوں کی موجودگی میں اپنے کابینی رفقاء سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں ہمیں ہنوز بہت دور جانا ہے۔ کچھ معاملات میں ہم نے پیشرفت کی ہے تاہم اب بھی بہت سارے کام باقی ہیں اور ہمیں اپنا مقصد پوری طرح حاصل کرنے میں مزید کچھ وقت درکار ہے لیکن یہ تمام اسی وقت مکمل ہوسکیں گے۔ جب شمالی کوریا پر تحدیدات کا سلسلہ جاری رکھا جائے کیونکہ امریکہ نے شمالی کوریا پر دباؤ بنائے رکھنے کی پالیسی بہت پہلے سے اپنا رکھی ہے۔