واشنگٹن، 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کو شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔مسٹر ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے 15 سفیروں کے ساتھ کل یہاں ایک میٹنگ میں کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے چھٹے نیوکلیائی بم کا تجربہ کئے جانے کے اندیشہ کے دوران سیکورٹی کونسل کو پیونگ یونگ کے خلاف نئی پابندی لگانے کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ شمالی کوریا مسلسل نیوکلیائی اور بیلسٹک میزائل پروگرام چلا رہا ہے ۔ ایسی صورت میں ضروری ہے کہ اس کے خلاف مزید سخت پابندی عائد کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ دنیا کیلئے حقیقی خطرہ ہے ۔مسٹر ٹرمپ نے کہا ‘شمالی کوریا دنیا کیلئے بہت بڑا مسئلہ ہے اور ہمیں اس مسئلہ کا حل کرنا ہوگا۔ لوگ طویل عرصہ سے یہ مسئلہ جھیل رہے ہیں اور اب اسے حل کرنے کا وقت آگیا ہے ۔