سیول ۔ 21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان نے آج اپنے ہی ملک میں صحت کے شعبہ میں فراہم کی جانے والی خدمات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جس کیلئے انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو سخت اور سست کہتے ہوئے ہدف تنقید بنایا۔ یاد رہیکہ عالمی سطح پر شمالی کوریا کو اس وقت امریکہ کی ایماء پر یکا و تنہا کردیا گیا ہے۔ نیوکلیئر ہتھیار پروگرام کی سزاء شمالی کوریا کو اس طرح دی گئی کہ اسے اقوام متحدہ کی بیشتر تحدیدات کا سامنا ہے۔ مزید برآں ملک کو غذائی قلت کا بھی سامنا ہے اور ایسے میں صحت کے شعبہ میں ناقص کارکردگیاں ہوں تو سربراہ مملکت کا برہم ہونا حق بجانب ہے۔ شمالی کوریا کے ہاسپٹلس میں اہم ادویات، سازوسامان اور آلات کے علاوہ تربیت یافتہ عملہ کی زبردست قلت ہے جبکہ شمالی کوریا نے ہمیشہ سے ہی یہ دعویٰ کیا ہیکہ وہ اپنے عوام کو زندگی کے ہر شعبہ میں بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا چاہتا ہے۔