سیول 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا اور امریکی فوج کے عہدیداروں کی آج ملاقات ہوئی جو شمالی کوریا کے سرحدی علاقہ میں کوریا کی جنگ کے دوران مہلوک امریکی فوجیوں کی باقیات کی واپسی پر تبادلہ خیال پر مرکوز تھی۔ امریکی مہلوک فوجیوں کے باقیات کی واپسی جو 1950 ء سے شروع ہونے والی جنگ میں ہلاک ہوئے تھے، اُس معاہدہ کا ایک حصہ تھی جو شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اُن اور صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان گزشتہ ماہ تاریخی چوٹی کانفرنس کے موقع پر ہوا تھا۔ امریکی فوجیوں کی باقیات کی واپسی کا مسئلہ سرحدی دیہات پان اون جونگ کی تازہ ترین بات چیت کے آغاز سے ہی چھایا ہوا تھا۔ جنوبی کوریا کے خبررساں ادارہ یون ہاپ نیوز نے جنوبی کوریا کے ایک عہدیدار کے حوالے سے اِس کا انکشاف کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ شمالی کوریا ۔ امریکہ مذاکرات ہنوز جاری ہیں۔ وزیر خارجہ امریکہ مائیک پامپیو نے جاریہ ماہ کے اوائل میں شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا اور اِس علاقہ کو نیوکلیر ہتھیاروں سے پاک بنانے کے معاہدے پر کم اور ٹرمپ کے دستخط ہوئے تھے جبکہ گزشتہ مرتبہ دونوں کی ملاقات جمعرات کے دن ہوئی تھی۔ شمالی کوریا نے سرحدی دیہات کی بات چیت میں شرکت نہیں کی لیکن اُس نے امریکی عہدیداروں سے گزشتہ ہفتہ ربط پیدا کیا تھا۔ اُس نے کہاکہ فی الحال وہ ملاقات کے لئے تیار نہیں ہے۔ مبینہ طور پر حالیہ ہفتوں میں کئی لکڑی کے تابوت سرحد کی جنوبی جانب منتقل کئے گئے ہیں جن میں مہلوک امریکی فوجیوں کی باقیات موجود ہیں۔ وائیٹ ہاؤز نے سنگاپور میں کم اور ٹرمپ کی چوٹی کانفرنس کی توثیق کرتے ہوئے کہاکہ یہ شمالی کوریا پر عائد تحدیدات کی برخاستگی اور اس کی معاشی ترقی کی وجہ بنے گا۔