شمالی کشمیر میں جنگجوؤں کے دو خفیہ ٹھکانے بے نقاب، او جی ڈبلیو گرفتار

سرینگر۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں سیکورٹی فورسز نے جنگجوؤں کے دو خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگانے کے علاوہ لشکر طیبہ کے ایک بالائی زمین ورکر (او جی ڈبلیو) کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ کپواڑہ کے ہندواڑہ میں خفیہ اطلاع کی بناء پر ہندواڑہ پولیس، فوج کی 30 راشٹریہ رائفلز (آر آر) اور 92 بٹالین سی آر پی ایف نے مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران پنڈت پورہ کے رہنے والے او جی ڈبلیو آفاق احمد بٹ عرف ابو ہریرہ کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا ‘آفاق بٹ لشکر طیبہ کے ابو مازکو لاجسٹک سپورٹ فراہم کررہا تھا۔ہم نے اسے فوراً حراست میں لے لیا’۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوؤں کے دو خفیہ ٹھکانوں کا بھی پتہ لگایا جن کی رکھوالی آفاق بٹ ہی انجام دے رہا تھا۔سی آر پی ایف ترجمان نے بتایا کہ خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا ‘خفیہ ٹھکانوں سے ایک پستول، پستول کی دو میگزینیں ، گولیوں کے 11 راؤنڈ، دو وائرلیس سیٹ، ایک وائی ایس ایم ایس سیٹ، چار موبائیل فون، ایک یو بی جی ایل ٹھروور، ون یو بی جی ایل گرینیڈ، دو اے کے میگزینیں، اے کے رائفل کے 105 راؤنڈس، دو کمپاسز، ایک دور بین، ایک وائر کٹر اور دوسری چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔