اسلام آباد ۔ 17ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج اس بات کا عزم کیا ہے کہ پشاور کے اسکول پر طالبان حملہ کے بعد بھی شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ مسدود نہیں کیا جائے گا ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سی این این کو بذریعہ ٹیلی فون انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پشاور واقعہ سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں جب اُن سے یہ استفسار کیا گیا کہ کیا طالبان اور جہادی گروپ پاکستان کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں ؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ یقینی طورپر یہ پاکستان کے لئے خطرہ ہیں جس میں کسی شکوک و شبہات کی گنجائش نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے بچے مررہے ہیں۔ تابوت جتنے چھوٹے ہیں ان کا وزن اتنا ہی زیادہ ہے۔آج پاکستانی قوم ایک سو سے زیادہ چھوٹے تابوت اٹھارہی ہے۔ پاکستان کی بقا اور خطے میں امن کے لیے طالبان سب سے بڑا خطرہ ہیں، ان سے جنگ جاری رہے گی۔ آصف نے کہا کہ سانحہ پشاور یقیناً سیکیورٹی میں کوتاہی کا نتیجہ ہے۔ دہشت گردوں سے جنگ کے معاملے پر حکومت اور مسلح افواج کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔