شمالی وزیرستان : خود کش دھماکہ میں تین ہلاک

اسلام آباد ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے ایک گاؤں میں کار میں سوار ایک خودکْش بم حملہ آور نے کم از کم دو فوجیوں اور ایک شہری کو ہلاک کر دیا۔ ایک سکیورٹی اہلکار نے کہا،’’آج منگل کو اس خود کْش بم دھماکے میں کم از کم دو فوجی اور ایک شہری نے جام شہادت نوش کیا ہے‘‘۔ فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور گاڑی میں سوار تھا اور اسے ایک اسپتال کے نزدیک قائم چیک پوائنٹ سے کوئی 100 میٹر کے فاصلے پر فوجیوں نے روکنے کی کوشش کی تھی جس کے نتیجے میں حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ اُدھر عسکری گروپ انصارالمجاہدین نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اس کے ترجمان ابو بصیر نے کہا کہ یہ پاکستانی فوج کی کارروائیوں پر طالبان کی طرف سے دیئے جانے والے جواب کا آغاز ہے۔