شمالی فلپائن میں سمندری طوفان کا خطرہ 1000سے زیادہ افراد کاتخلیہ

منیلا۔10 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ہزار سے زیادہ افراد کا ان کے مکانوں سے تخلیہ کروادیا گیا کیونکہ سمندری طوفان ’’نول‘‘ شمالی فلپائن تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے اچانک سیلاب آسکتا ہے ‘ زمین کھسکنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں اور سونامی جیسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں ۔ جس کا انتباہ سرکاری محکموں نے دیا ہے ۔ طوفان کی رفتار تھوڑی سی کمزور پڑگئی ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ اس کے ساتھ 205کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی اب بھی چل رہی ہے اور شمالی فلپائن میں داخلے تک اس کی رفتار میں کسی کمی کا امکان نہیں ہے ۔ صدر محکمہ موسمیات نے کہا کہ طوفان دوپہر یا شام تک شمالی فلپائن سے ٹکرائے گا ۔ آج صبح یہ طوفان تقریباً 140کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا اور توقع ہے کہ سمندری طوفان سے شمالی صوبہ کاگایان سب سے زیادہ متاثر ہوگا ۔ 1200افراد کا احتیاطی اقدام کے طور پر پہلے ہی ان علاقو ں سے تخلیہ کیا جاچکاہے جہاں سمندری طوفان نول کے ٹکرانے کا اندیشہ ہے ۔بعض علاقوں میں زمین کھسکنے اور سیلاب کے اندیشے بھی ہیں۔