حیدرآباد 26 ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد اور تلنگانہ کے کئی علاقوں میں ‘ جہاں گذشتہ دنوں سے شدید بارش جاری تھی اور سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی تھی ‘ اب قدرے راحت ملی ہے اور ہوا کے دباؤ کا جو اثر تھا وہ ودربھا اور پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ کی سمت پیشرفت کرگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر ڈاکٹر وائی کے ریڈی نے بتایا کہ اس کے اثر سے شمالی تلنگانہ میں شدید بارش ہوسکتی ہے جبکہ مابقی تلنگانہ میں یا ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال سے آئندہ دنوں میں انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ یہ صورتحال آئندہ دو دن میں پیدا ہوسکتی ہے ۔ اس کے اثر سے ساحلی آندھرا میں شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد و اطراف میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہیگا اور ایک یادو موقعوں پر بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔