پیانگ یانگ ۔ 5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) جزیرہ نما کوریا پر حالات میں بہتری کے سلسلے میں شمالی کوریا نے اپنی گھڑیوں کو جنوبی کوریا کے وقت کے مطابق کر دیا ہے۔ اس تبدیلی سے شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کا معیاری وقت یکساں ہو گیا ہے۔ جزیرہ نما کوریا کی دونوں ہمسایہ لیکن حریف ریاستوں کے معیاری وقت میں پہلے آدھ گھنٹے کا فرق تھا۔ شمالی کوریائی حکومت نے اس اقدام کو ’دونوں کوریاؤں کو ایک کرنے کے مقصد کی طرف پہلا قدم‘ اور جاریہ برس 27 اپریل کو کوریائی قائدین صدر مُون جے اِن اور چیئرمین کم جونگ اُن کی ملاقات کا تسلسل قرار دیا ہے۔ شمالی کوریا نے اپنا معیاری وقت 2015 ء میں جنوبی کوریا سے مختلف کر دیا تھا۔