شمالی انڈومان میں بھنور‘ طوفان بادوباراں کا خطرہ

حیدرآباد۔7اکٹوبر ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے اکثر مقامات پر آج شام زبردست بارش ہوئی جو مہاراشٹرا کے ودربھا زون پر ہوا کے دباؤ میں شدید کمی کا نتیجہ ہوسکتا ہے ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ تین دن کے دوران آندھراپردیش ‘ رائلسیما اور تلنگانہ کے کئی علاقوں مںی اوسط یا ہلکی اور کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع نے کہا کہ شمالی انڈومان کے سمندر میں آج صبح 5.30 بجے ہوا کے دباؤ میں زبردست کمی ہوئی اور صبح 8.30 بجے تک مشرقی پورٹ بلیر کے قریب دباؤ میں مزید اضافہ ہوا جس سے بھنور بن رہا ہے جو تیزی کے ساتھ شمالی مغربی سمت پیشرفت کررہا ہے ۔ توقع ہے کہ اس صورتحال میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید شدید ہوا ہوگی جس سے طوفان بادوباراں کا خطرہ لاحق ہوجائے گا ۔ اس موسمی تبدیلی کے اثر سے ساحلی آندھراپردیش ‘ رائلسیما اور تلنگانہ میں آئندہ تین دن کے دوران بارش ہوسکتی ہے ۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چار دن کے دوران بارش کے امکانات میں اضافہ ہوگا۔ اس دوران آندھرا یونیورسٹی میں شعبہ موسمیات و سمندری علوم کے پروفیسر ایس ایس وی ایس راما کرشنا نے کہا ہے کہ خلیج بنگال اور اطراف کے علاقوں میں بادلوں کا جمع ہونا اگرچہ طوفان بادوباراں کا اشارہ دیتا ہے لیکن طوفان کہاں آئے گا ‘ یہ کہنا فی الحال قبل از وقت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چہارشنبہ سے طوفانی بادوباراں کے عمل میں شدت پیدا ہوگی اور 10اکٹوبر تک طوفان آسکتان ہے لیکن اس کے اثر سے آندھرا اور تلنگانہ میں موسلادھار بارش ہوگی۔ حیدرآباد میں جہاں پیر کی شام ابرآلود مطلع اور ٹھنڈی ہواؤں کے درمیان بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی تھی اور آج بھی شام کے وقت مطلع ابرآلود رہا اور بعض مقامات پر بارش ہوئی جس سے شہریوں کو راحت ملی جو خوشگوار موسم کیلئے معروف ماہ اکٹوبر میں مارچ / اپریل جیسی گرمی برداشت کررہے تھے ۔ شہر میں معمولی موسمی تبدیلی کے باوجود درجہ حرارت میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ 35 اور کم سے کم درجہ حرارت 24ڈگری سلسیس کے درمیان رہا ۔