کمپیوٹرس و اسکیانرس کی فراہمی، محمد سلیم چیرمین وقف بورڈ کا معائنہ
حیدرآباد۔یکم ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے شعبہ قضاۃ میں عصری سہولتوں کے آغاز کے ذریعہ عوام کو سرٹیفکیٹس کی اجرائی میں آسانی پیدا کرنے کے اقدامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عصری سہولتوں میں اضافہ کے ذریعہ سرٹیفکیٹس کی عاجلانہ اجرائی کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے بعض درخواست گذاروں کو سرٹیفکیٹ جاری کئے۔ واضح رہے کہ شعبہ قضاۃ میں کمپیوٹرس اور اسکیانرس کی کمی کے سبب میریج اور دیگر سرٹیفکیٹس کی اجرائی میں تاخیر ہورہی تھی۔ اس کے علاوہ شعبہ میں اسٹاف کی کمی کے سبب کئی مسائل کا سامنا تھا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے نہ صرف اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کیا بلکہ کمپیوٹرس کی تعداد کو 6 کردیا اور 3 اسکیانرس اضافی طور پر لگائے گئے۔انہوں نے سرٹیفکیٹس کی اجرائی کے شعبہ کیلئے علحدہ کیبن بھی تیار کرایا۔ اس طرح اسنادات کی اسکیاننگ اور سرٹیفکیٹس کی اجرائی میں تیزی پیدا ہوئی ہے۔ تتکال میں فوری چند گھنٹوں میں جبکہ عام درخواست کی صورت میں 3 دن میں سرٹیفکیٹس جاری کئے جاتے ہیں۔ بورڈ نے سرٹیفکیٹس کیلئے فیس میں بھی اضافہ کیا ہے۔ عام درخواستوں کی فیس کو 200 سے بڑھا کر 300 کردیا گیا جبکہ تتکال کیلئے 300کے بجائے 400 روپئے وصول کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولتوںکی فراہمی ان کا بنیادی مقصد ہے۔ اس موقع پر وقف بورڈ کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ محمد سلیم نے درخواست گذاروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی سماعت کی۔