نئی دہلی ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) کہنہ مشق اداکار ششی کپور کو باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ممبئی میں عطا کیا جائے گا۔ ان کے خاندان نے وزارت اطلاعات و نشریات کو اطلاع دی ہیکہ قومی ایوارڈ کی پیشکش تقریب میں شرکت کیلئے ششی کپور کا سفر دہلی بہت مشکل ہے کیونکہ ان کی صحت اس قابل نہیں ہے۔ ذرائع کے بموجب مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات ارون جیٹلی یا ان کے نائب وزیرمملکت راجیہ وردھن راٹھور ممبئی کا سفر کریں گے تاکہ ششی کپور کو ایک تقریب میں یہ اعزاز عطا کیا جائے۔ کپور خاندان میں کئی فلم اداکار ہیں اور امکان ہیکہ وہ سب اس ایوارڈ تقریب میں شریک رہیں گے۔ ششی کپور کے فلمی کارناموں کیلئے انہیں قومی فلم ایوارڈ پیش کیا جارہا ہے جس کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ ششی کپور کو یہ ایوارڈ 3 مئی کو مقرر ایک تقریب میں عطا کیا جائے گا۔