نئی دہلی ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اداکار و فلمساز ششی کپور کو جنہوں نے 100 سے زائد ہندی فلموں میں اداکاری کے نقوش چھوڑے اور نمک حلال ، دیوار ، کبھی کبھی جیسی ہٹ فلمیں دیں ، انہیں باوقار داداصاحب پھالکے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ہندوستانی فلمی دنیا میں یہ سب سے باوقار ایوارڈ تسلیم کیا جاتا ہے۔ 77 سالہ ششی کپور گردوں کی بیماری کے علاوہ دیگر کئی امراض کا شکار ہیں اور ان کیلئے وہیل چیر ایک ضرورت بن گئی ہے۔ ششی کپور یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے اپنے والد پرتھوی راجکپور اور بھائی راجکپور کے بعد خاندان کے تیسرے فرد ہیں۔