ششی کلا کو جیل میں اے سی، نرم گدا فراہم نہیں : ڈی آئی جی

چینائی ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا انا ڈی ایم کے جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا کو بنگلورو کی سنٹرل جیل میں اُن کے سل میں علحدہ باتھ روم یا دیگر سہولتیں جیسے واٹر ہیٹر، ایرکنڈیشنر، چارپائی اور توشک دستیاب نہیں، جیل حکام نے یہ بات کہی۔ چینائی کے ایک وکیل کے آر ٹی آئی سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی آئی جی (محابس)، سنٹرل پریزن واقع پراپنا اگراہرا نے کہا کہ ششی کلا کو سوائے ایک ٹیلی ویژن سٹ، دیگر سہولتوں کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ ایم پی راجہ ویلایوتھم کی 20 فبروری کی آر ٹی آئی عرضی کا جواب دیتے ہوئے ڈی آئی جی نے تصدیق کی کہ ششی کلا کو اپنے بھانجہ اور انا ڈی ایم ڈپٹی جنرل سکریٹری ٹی ٹی وی دیناکرن سے 35 تا 40 منٹ ملاقات کرنے کی اجازت ہے۔ ششی کلا بنگلورو جیل میں سزائے قید بھگت رہی ہیں جو غیرمتناسب اثاثہ جات کیس میں دی گئی سزا ہے۔ اس کیس میں وہ اور ان کے دو دیگر رشتے داروں کو سپریم کورٹ نے مجرم پایا ہے۔